اخلاقی ضابطہ کار (code of ethics) کی وضاحت
اس صفحے پر
- تحریری اور زبانی مترجمین کے اخلاقی اصول
- اخلاقی ضابطہ کار (Code of ethics)
- اخلاقی ضابطہ کار کی خلاف ورزی
تحریری اور زبانی مترجمین کے اخلاقی اصول
NAATI سے تصدیق شدہ تمام تحریری اور زبانی مترجمین ایک اخلاقی ضابطہ کار (Code of ethics) اور ضابطۂ اخلاق (Code of conduct) کے پابند ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ NAATI سے تصدیق شدہ کسی بھی مترجم پر بالکل اسی طرح بھروسہ کر سکتے ہیں جیسے آپ کسی ڈاکٹر یا اکاؤنٹنٹ پر کرتے ہیں۔
ان کے بنیادی فرائض:
- گفتگو یا تحریر کا درست ترجمہ کرنا
- غیر جانبدار رہنا اور ذاتی تعصب سے پاک ہونا
- آپ کی معلومات کو راز رکھنا
- باقاعدہ پیشہ ورانہ ترقی (professional development) کے ذریعے اپنی مہارتوں کو برقرار رکھنا
- صرف وہی کام کرنا جس کی تربیت یا اسناد ان کے پاس موجود ہوں
اخلاقی کشمکش سے مراد پیشہ ورانہ حالات میں پیدا ہونے والے وہ مسائل ہیں جہاں کسی مسئلے کا کوئی واضح صحیح یا غلط حل موجود نہیں ہوتا۔ زبانی مترجمین کو اپنے کام کے دوران درج ذیل اخلاقی کشمکش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے:
- پولیس کے سامنے گالی گلوچ یا سخت الفاظ کا استعمال۔ اگر کوئی کلائنٹ پولیس کے سامنے گالی گلوچ کرتا ہے، تو زبانی مترجم یہ سوچ سکتا ہے کہ پولیس کے سامنے ایسے الفاظ کا استعمال نامناسب ہے یا اس سے کلائنٹ کسی مشکل میں پڑ سکتا ہے۔ تاہم، اخلاقی ضابطہ کار مترجم کی رہنمائی کرتا ہے کہ وہ درست اور غیر جانبدار رہے۔ چنانچہ، کلائنٹ کی طرف سے کہی گئی گالی سمیت ہر بات کا پولیس کے سامنے اور پولیس کی بات کا کلائنٹ کے سامنے بالکل اسی طرح ترجمہ کیا جائے گا۔
- کسی معاملے پر رائے مانگی جائے، جیسے کہ “کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ شخص جھوٹ بول رہا ہے؟” اخلاقی ضابطہ کار مترجم کو غیر جانبدار رہنے اور اپنے کردار کی حدود واضح کرنے کی ہدایت کرتا ہے۔ مترجمین اپنے کام کے دوران کسی کی وکالت، رہنمائی یا مشورہ دینے کے مجاز نہیں ہوتے۔
- اگر مترجم سے پوچھا جائے کہ کیا ان کے کلائنٹ نے پچھلی میٹنگ یا اپائنٹمنٹ میں بھی یہی بات دہرائی تھی۔ اخلاقی ضابطہ کار مترجم کو معلومات خفیہ رکھنے کی ہدایت کرتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر کوئی ڈاکٹر بھی مترجم سے پوچھے کہ کیا مریض نے پچھلی اپائنٹمنٹ میں یہی بات کہی تھی، تب بھی مترجم یہ معلومات فراہم نہیں کر سکتا۔
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں چار اہم اخلاقی ادارے اور ضابطے کام کر رہے ہیں: SLIANZ اور AUSIT, ASLITA, NZSTI
- AUSIT کوڈ آف ایتھکس اینڈ کوڈ آف کنڈکٹ (2012): آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بولی جانے والی زبانوں میں کام کرنے والے تمام تحریری مترجمین اور زبانی مترجمین اس کے پابند ہیں
- نوٹ: AUSIT اور NZSTI کا اخلاقی ضابطہ کار مشترکہ ہے۔ آپ NZSTI کا اخلاقی ضابطہ کار یہاں پڑھ سکتے ہیں
- ASLIA کوڈ آف ایتھکس اینڈ گائیڈ لائنز فار پروفیشنل کنڈکٹ (2007): Auslan میں کام کرنے والے تمام تحریری اور زبانی مترجمین اس کے پابند ہیں
- SLIANZ کوڈ آف ایتھکس اینڈ کنڈکٹ (2012): نیوزی لینڈ میں NZSL میں کام کرنے والے تمام مترجمین اس کے پابند ہیں
NAATI سے سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کے عمل میں متعلقہ اخلاقی ضابطہ کار کے علم اور تفہیم کا مظاہرہ کرنا شامل ہے۔ NAATI اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تحریری یا زبانی مترجم اخلاقی ضابطے اور اپنے کام پر ان اصولوں کے اطلاق کو اچھی طرح سمجھتا ہو، اور یہ جانتا ہو کہ اخلاقی کشمکش کی صورت میں اسے کیا کرنا ہے۔
اخلاقی ضابطہ کار کی خلاف ورزی
کبھی کبھار یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ کسی تحریری یا زبانی مترجم نے اصولوں کی پیروی نہیں کی، جس کے نتیجے میں کسی کلائنٹ، ان کے آجر یا کسی پریکٹیشنر (مترجم) کو نقصان پہنچا ہو۔ اسے عام طور پر خلاف ورزی (breach) کہا جاتا ہے۔
SLIANZ اور AUSIT, ASLITA, NZSTI اخلاقی ضابطہ کار کی ممکنہ خلاف ورزیوں کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ آپ NAATI کی شکایات کی پالیسی پڑھ سکتے ہیں جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ NAATI کو رپورٹ کی جانے والی کسی بھی خلاف ورزی کی تحقیقات کیسے کی جاتی ہیں اور ان پر کیا کارروائی ہوتی ہے۔ آپ اپنی شکایت براہِ راست تحریری/زبانی مترجم کو، ان کے آجر (ادارے) کو، یا ان کی پیشہ ورانہ ایسوسی ایشن کو بھی بھیج سکتے ہیں اگر وہ اس کے رکن ہیں (جیسے AUSIT، ASLITA، NZSTI یا SLIANZ)۔