ہم سب سمجھے جانے کے حقدار ہیں۔
NAATI کے تصدیق شدہ زبانی مترجم کی درخواست کریں۔
مسئلہ
محفوظ اور معیاری صحت کی خدمات کے لیے صاف اور واضح بات چیت کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ یہ لوگوں کو ان کی صحت کی صورتحال سمجھنے، سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے، اور صحیح وقت پر صحیح علاج حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔
ہیلتھ کیئر پروفیشنل اور مریض کے درمیان زبان کی رکاوٹیں صحت کی خدمات کو مبہم یا غیر محفوظ بنا سکتی ہیں۔ اہم معلومات غلط سمجھی جا سکتی ہیں یا چھوٹ سکتی ہیں، جس کی وجہ سے سوالات پوچھنے، طبی مشورے پر عمل کرنے، یا علاج کے فیصلوں پر اعتماد محسوس کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ اس سے طبی غلطیاں اور صحت کے غیر منصفانہ نتائج پیدا ہو سکتے ہیں۔
ترجمانی کے لیے خاندان کے ارکان یا غیر تربیت یافتہ دو لسانی عملے پر بھروسہ کرنا لوگوں کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ معلومات غلط ہو سکتی ہیں، ذاتی تفصیلات دوسروں کے ساتھ شئیر کی جا سکتی ہیں، اور حساس گفتگو مشکل یا ناگوار صورت اختیار کر سکتی ہے۔
NAATI کے تصدیق شدہ زبانی مترجمین صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو محفوظ اور زیادہ جامع بنانے میں مدد کرتے ہیں۔ وہ مریضوں اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے درمیان واضح، درست اور خفیہ بات چیت کو یقینی بناتے ہیں، تاکہ ہر کوئی بات سمجھ سکے اور سب کی بات سمجھی جا سکے۔
منصفانہ صحت کی دیکھ بھال کے لیے تصدیق شدہ مترجمین
“ہم سب سمجھے جانے کے حقدار ہیں” NAATI کی ایک قومی آگاہی مہم ہے جو صحت کے شعبے میں NAATI سے تصدیق شدہ زبانی مترجمین کے ساتھ کام کرنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ یہ مریضوں کو ایک مترجم کی درخواست کرنے کی ترغیب دیتی ہے اور ہیلتھ کیئر سروسز کو تصدیق شدہ مترجمین کی اہمیت سمجھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
یہ مہم درج ذیل امور میں NAATI سے تصدیق شدہ زبانی مترجمین کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے:
- طبی حفاظت اور باہمی رضامندی
- مریض کی عزت اور خود مختاری
- صحت کی خدمات تک مساوی رسائی
یہ مہم درج ذیل افراد کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے:
- کمیونٹی کے وہ ارکان جو انگریزی بالکل نہیں بولتے یا بہت کم بولتے ہیں
- بالغ اور بااثر افراد بشمول خاندان کے ارکان اورمریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے
- پرائمری اور کمیونٹی کیئر کے شعبوں سے وابستہ ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اور سروس فراہم کرنے والے
“ہم سب سمجھے جانے کے حقدار ہیں” مہم قومی اور کمیونٹی کی سطح کے ذرائع پر چلائی جا رہی ہے، بشمول:
- آؤٹ آف ہوم ایڈورٹائزنگ
- ٹیلی ویژن اور ریڈیو
- ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز
- کمیونٹی کے لیے وسائل (جو اس ویب سائٹ پر ایک جگہ دستیاب ہیں)
مہم کے مواد کے ساتھ عملی معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ مریض اور ادارے یہ سمجھ سکیں کہ NAATI سے تصدیق شدہ زبانی مترجمین اور پیشہ ورانہ لسانی خدمات تک کیسے رسائی حاصل کی جائے۔
مہم کا ٹی وی کمرشل (60 سیکنڈز)
“ہم سب سمجھے جانے کے حقدار ہیں” ٹی وی کمرشل SBS In Language کے اشتراک سے۔
مختلف زبانوں کے سب ٹائٹلز کے ساتھ ٹی وی کمرشل
NAATI کے تصدیق شدہ زبانی مترجم کے ساتھ کام کیوں کیا جائے؟
آسٹریلیا میں زبانی مترجم کے طور پر کام کرنے کے لیے NAATI سرٹیفیکیشن کو ایک کمیونٹی معیار کی حیثیت حاصل ہے۔ NAATI کے تصدیق شدہ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ مترجم:
- اپنی مہارت اور قابلیت کا باقاعدہ جائزہ کروا چکا ہے
- انگریزی اور اپنی دوسری زبان پر مکمل مہارت رکھتا ہے
- اخلاقی ضابطہ کار (code of ethics) کا پابند ہے۔
NAATI کے تصدیق شدہ زبانی مترجمین کی خدمات حاصل کرنا محفوظ، اخلاقی اور اعلیٰ معیار کی صحت کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے، کیونکہ آپ ان کے پیشہ ورانہ کام پر مکمل بھروسہ کر سکتے ہیں۔
تصدیق شدہ زبانی مترجم تلاش کریں
جب آپ کو کسی سرکاری یا صحت کی سروس تک رسائی کے لیے مترجم کی ضرورت ہو، تو آپ اس ادارے سے اپنے لیے مترجم کا انتظام کرنے کی درخواست کر سکتے ہیں۔ جب آپ بکنگ یا اپائنٹمنٹ لیں، تو آپ کہہ سکتے ہیں ’مجھے ایک مترجم کی ضرورت ہے‘ (I need an interpreter) اور انہیں اپنی زبان کا نام بتائیں۔ آپ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ آپ کسی مرد یا خاتون مترجم کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں اگر آپ کو یہ زیادہ مناسب لگتا ہے۔ آسٹریلیا میں سرکاری یا صحت کی خدمات حاصل کرنے والے مریضوں کے لیے مترجمین کے ساتھ کام کرنا عام طور پر مفت ہوتا ہے۔ اگر آپ کسی پروجیکٹ یا کاروباری میٹنگ کے لیے پرائیویٹ مترجم تلاش کرنا چاہتے ہیں، تو آپ NAATI کی آن لائن ڈائریکٹری کے ذریعے تلاش کر سکتے ہیں۔ یہ آپ کو مختلف زبانوں، علاقوں اور سروس کی اقسام میں کوالیفائیڈ ماہرین تلاش کرنے کی سہولت دیتی ہے، بشمول وہ کاروباری ادارے جنہیں لسانی خدمات فراہم کرنے کے لیے NAATI کی توثیق حاصل ہے۔
ڈائریکٹری پر جائیں