Select your language

This website will display in the language you choose.

کام کے لیے صحیح پیشہ ور کا انتخاب: NAATI کی اسناد کا ایک جائزہ

Category صارفین/عوام کے لیے وسائل Published 30 January 2026

اس صفحے پر


جب آپ کو دستاویزات کا ترجمہ کرنے یا کسی ایسے شخص سے بات چیت کرنے کی ضرورت ہو جو دوسری زبان بولتا ہو، تو اپنے لیے صحیح ماہر کا انتخاب کرنا انتہائی اہم ہے۔ تحریری مترجمین (ٹرانسلیٹرز) لکھے ہوئے متن پر کام کرتے ہیں، جبکہ زبانی مترجمین (انٹرپریٹرز) بولی جانے والی یا اشاروں کی زبان (sign language) کے ذریعے رابطہ کرواتے ہیں۔

NAATI کا سرٹیفیکیشن سسٹم تحریری مترجمین کے لیے تین اور زبانی مترجمین کے لیے چھ اسناد پر مشتمل ہے۔ یہ گائیڈ آپ کو ہر سند کا دائرہ کار سمجھنے میں مدد فراہم کرے گی۔

NAATI ہر زبان یا ہر لیول پر ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم نہیں کرتا۔ اگر آپ کی زبان میں ٹیسٹ دستیاب نہ ہو، تو تحریری اور زبانی مترجمین پھر بھی “Recognised Practising” (تسلیم شدہ پریکٹسنگ) کی سند حاصل کر سکتے ہیں، جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ ان کے پاس ضروری تربیت اور لسانی مہارت موجود ہے۔

یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ایک جیسی سند رکھنے والے مترجمین کا شعبۂ مہارت ایک دوسرے سے مختلف ہو سکتا ہے۔ سند یافتہ پریکٹیشنرز (مترجمین) کو تلاش کرنے اور ان کے مخصوص تجربے اور قابلیت کے بارے میں مزید جاننے کے لیے NAATI کی آن لائن ڈائریکٹری کا استعمال کریں۔

NAATI سرٹیفیکیشن سسٹم کے بارے میں مزید معلومات کے لیے NAATI کی ویب سائٹ دیکھیں

پیشگی لازمی شرائط

NAATI سے تصدیق شدہ (سرٹیفائڈ) ہونے کے لیے، تمام تحریری اور زبانی مترجمین کو چند پیشگی شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں۔ اگرچہ ہر سند کی اپنی مخصوص شرائط ہوتی ہیں (مثال کے طور پر، درکار تربیت کے مختلف معیار)، لیکن درج ذیل شرائط سب پر لاگو ہوتی ہیں:

  • تحریری یا زبانی ترجمے کے شعبے میں باقاعدہ تربیت
  • انگریزی یا Auslan پر مہارت
  • اخلاقی اہلیت (Ethical competency): متعلقہ اخلاقی ضابطہ کار (Code of Ethics) کا علم اور تفہیم، جس کے تمام تصدیق شدہ مترجمین پابند ہوتے ہیں۔
  • بین الثقافتی اہلیت (Intercultural competency): آسٹریلیا کے ماحول میں مختلف ثقافتوں کے درمیان کام کرنے کے لیے ضروری علم اور مہارت۔

تحریری مترجمین کی اسناد

تحریری مترجمین کے لیے تین اسناد ہیں جو مہارت اور تجربے کے مختلف درجات کو ظاہر کرتی ہیں۔

وہ پریکٹیشنرز جن کے پاس تحریری ترجمے کی سند ہوتی ہے، وہ پیچیدہ اور غیر پیچیدہ دونوں طرح کی دستاویزات کا ایک زبان سے دوسری زبان میں ترجمہ کر سکتے ہیں۔ وہ پہلے سے کیے گئے ترجمے کی نظرِ ثانی اور ایڈیٹنگ بھی کر سکتے ہیں تاکہ اس کی درستگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ تحریری مترجمین صرف ایک سمت میں (مثلاً صرف پولش سے انگریزی میں) یا دونوں سمتوں (مثلاً پولش سے انگریزی اور انگریزی سے پولش) میں کام کر سکتے ہیں۔

تسلیم شدہ پریکٹسنگ تحریری مترجمین (Recognising Practising Translators) کی مہارت کا NAATI نے باقاعدہ ٹیسٹ نہیں لیا ہوتا، لیکن انہوں نے کم از کم مطلوبہ تربیت اور بنیادی شرائط پوری کی ہوتی ہیں اور ان کے پاس ترجمے کا حالیہ اور باقاعدہ تجربہ ہوتا ہے۔ عام طور پر یہ ان زبانوں میں کام کرتے ہیں جن میں NAATI کا ٹیسٹ دستیاب نہیں ہوتا۔

اگر کسی زبان کے لیے سرٹیفائیڈ مترجمین دستیاب نہ ہوں، تو ان تسلیم شدہ تحریری مترجمین سے بھی وہی کام لیا جا سکتا ہے جو ایک سرٹیفائیڈ مترجم کرتا ہے۔

تصدیق شدہ تحریری مترجمین نے کم از کم مطلوبہ تربیت اور پیشگی شرائط پوری کی ہوتی ہیں، اور NAATI سے اپنی مہارت کا باقاعدہ ٹیسٹ پاس کیا ہوتا ہے۔ موجودہ سرٹیفیکیشن سسٹم کے تحت یہ تحریری ترجمے کی سب سے اعلیٰ سند ہے۔

NAATI کی طرف سے جانچے جانے والے کام
  • پیچیدہ لیکن غیر مخصوص (non-specialised) تحریروں کا ترجمہ
  • پیچیدہ لیکن غیر مخصوص ترجمے کی نظرِ ثانی

تصدیق شدہ اعلیٰ درجے کے تحریری مترجمین (سرٹیفائڈ ایڈوانسڈ ٹرانسلیٹرز) نے یہ سند NAATI کے پرانے ایکریڈیٹیشن سسٹم (2018 سے پہلے) کے تحت حاصل کی تھی۔ اب اس کا ٹیسٹ دستیاب نہیں ہے، لیکن کچھ مترجمین کے پاس اب بھی یہ سند موجود ہے۔

زبانی مترجمین کی اسناد

زبانی مترجمین کے لیے چھ اسناد ہیں جو دو بنیادی ماحولوں کے لیے ہیں: کمیونٹی انٹرپریٹنگ اور کانفرنس انٹرپریٹنگ۔

تسلیم شدہ پریکٹسنگ زبانی مترجمین (Recognised Practising Interpreters) کی مہارت کا NAATI نے باقاعدہ ٹیسٹ نہیں لیا ہوتا، لیکن انہوں نے کم از کم مطلوبہ تربیت اور بنیادی شرائط پوری کی ہوتی ہیں اور ان کے پاس ترجمے کا حالیہ اور باقاعدہ تجربہ ہوتا ہے۔ عام طور پر یہ ان زبانوں میں کام کرتے ہیں جن میں NAATI کا ٹیسٹ دستیاب نہیں ہوتا۔

اگر کسی زبان کے لیے سرٹیفائیڈ مترجمین دستیاب نہ ہوں، تو ان تسلیم شدہ پریکٹسنگ زبانی مترجمین سے بھی وہی کام لیا جا سکتا ہے جو ایک سرٹیفائیڈ مترجم کرتا ہے۔

تصدیق عبوری زبانی مترجمین (Certified Provisional Interpreters) نے عام اور غیر پیچیدہ گفتگو (عام طور پر دو لوگوں کے درمیان) کے لیے اپنی ترجمانی کی مہارت کا NAATI ٹیسٹ پاس کیا ہوتا ہے۔ لفظ ‘عبوری’ (Provisional) اس لیے استعمال کیا گیا ہے کیونکہ NAATI نے ان کی ان وسیع تر مہارتوں کا جائزہ نہیں لیا ہوتا جو ‘سرٹیفائیڈ انٹرپریٹر’ کی سطح پر جانچی جاتی ہیں۔

NAATI کی طرف سے جانچے جانے والے کام
  • لائیو رول پلیئرز کی مدد سے، انگریزی اور دوسری زبان بولنے والے افراد کے درمیان روبرو (یا ویڈیو) اور دور بیٹھے (ٹیلی فون) گفتگو کا ترجمہ کرنا۔

تصدیق شدہ زبانی مترجمین (Certified Interpreters) زیادہ تر حالات میں پیچیدہ زبانی ترجمہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے NAATI کا ‘سرٹیفائیڈ پروویژنل انٹرپریٹر’ ٹیسٹ اور ‘سرٹیفائیڈ انٹرپریٹر’ ٹیسٹ دونوں پاس کیے ہوتے ہیں۔

NAATI کی طرف سے جانچے جانے والے کام
  • دو افراد کے درمیان گفتگو کا زبانی ترجمہ
  • دستاویزات کو دیکھ کر موقع پر تحریری سے زبانی ترجمہ کرنا (سائٹ ٹرانسلیشن)۔
  • طویل تقاریر یا یکطرفہ گفتگو کا ترجمہ (وقفے وقفے سے اور ساتھ ساتھ یعنی کنزیکیٹیو اور سائملٹینیس)۔

طبی شعبے کے تصدیق شدہ خصوصی مترجم (Certified Specialist Health Interpreters) تجربہ کار اور ماہر مترجمین ہوتے ہیں جو طبی ماحول میں ترجمانی کے ماہر ہیں۔ انہوں نے عام طبی معلومات اور ہیلتھ کئیر میں مترجم کے کردار کے بارے میں ایک ‘میڈیکل نالج ٹیسٹ’ پاس کیا ہوتا ہے، جس میں اسپیچ پیتھالوجی سے متعلق سوال بھی شامل ہوتا ہے۔ انہوں نے ایک ایسا پریکٹیکل ٹیسٹ بھی پاس کیا ہوتا ہے جو ماہرین کے درمیان گفتگو (جیسے ایک ڈاکٹر کا دوسرے ڈاکٹر سے مریض کے بارے میں بات کرنا) اور ذہنی صحت کے ماحول میں ترجمہ کرنے کی صلاحیت کو جانچتا ہے۔ یہ اس سطح پر آنے سے پہلے ‘سرٹیفائیڈ انٹرپریٹر’ کے طور پر کام کر چکے ہوتے ہیں اور خصوصی تربیت حاصل کرتے ہیں۔

NAATI کی طرف سے جانچے جانے والے کام
  • ہیلتھ نالج ٹیسٹ (طبی معلومات کا امتحان)
  • یکطرفہ بیانات یا تقاریر کا وقفے وقفے سے ترجمہ کرنا (کنزیکیٹیو انٹرپریٹنگ)
  • ذہنی صحت کے تناظر میں یکطرفہ گفتگو کا ساتھ ساتھ ترجمہ کرنا (سائملٹینیس انٹرپریٹنگ)
  • یک زبان مکالمے کا ترجمہ (کسی پیچیدہ ماحول میں بیک وقت کئی انگریزی بولنے والوں کا ساتھ ساتھ ترجمہ کرنا یعنی سائملٹینیس انٹرپریٹنگ)

قانونی شعبے کے تصدیق شدہ خصوصی مترجم (Certified Specialist Legal Interpreters) تجربہ کار مترجمین ہوتے ہیں جو قانونی ماحول میں ترجمانی کے ماہر ہیں۔ انہوں نے عام قانونی معلومات اور عدالتی ماحول میں مترجم کے کردار کے بارے میں ‘لیگل نالج ٹیسٹ’ پاس کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے ایک ایسا پریکٹیکل ٹیسٹ بھی پاس کیا ہوتا ہے جو ماہرین کے درمیان گفتگو (جیسے جج اور وکلاء کے درمیان مکالمہ) اور عدالت میں گواہوں پر جرح کا ترجمہ کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیتا ہے۔ یہ اس سطح پر آنے سے پہلے ‘سرٹیفائیڈ انٹرپریٹر’ کے طور پر کام کر چکے ہوتے ہیں اور خصوصی تربیت حاصل کرتے ہیں۔

NAATI کی طرف سے جانچے جانے والے کام
  • لیگل نالج ٹیسٹ (قانونی معلومات کا امتحان)
  • ڈائیلاگ کے اقتباسات کا ٹاسک (عدالتی جرح کے فرضی منظرنامے کا وقفے وقفے سے ترجمہ کرنا)
  • یکطرفہ بیانات یا تقاریر کا وقفے وقفے سے ترجمہ کرنا (کنزیکیٹیو انٹرپریٹنگ)
  • یک زبان مکالمے کا ترجمہ (کسی پیچیدہ ماحول میں بیک وقت کئی انگریزی بولنے والوں کا ساتھ ساتھ ترجمہ کرنا یعنی سائملٹینیس انٹرپریٹنگ)

کانفرنس کے لیے تصدیق شدہ زبانی مترجم (Certified Conference Interpreter) اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی اور ملکی کانفرنسوں، جیسے کہ معاہدوں کے مذاکرات اور تعلیمی کانفرنسوں میں انتہائی پیچیدہ اور مخصوص پیغامات کا زبانی ترجمہ کر سکتے ہیں۔ ان مترجمین کے پاس عام طور پر کانفرنس انٹرپریٹنگ کی خصوصی تربیت اور وسیع تجربہ ہوتا ہے۔ ان کی سند صرف ایک لسانی سمت کا احاطہ کرتی ہے (مثال کے طور پر، جاپانی سے انگریزی یا انگریزی سے Auslan)، اگرچہ کچھ مترجمین کے پاس ایک سے زیادہ زبانوں کے کمبینیشنز بھی ہوتے ہیں۔

NAATI کی طرف سے جانچے جانے والے کام
  • کسی ان دیکھی تقریر یا یکطرفہ گفتگو کا وقفے وقفے سے ترجمہ کرنا
  • بوتھ (booth) کے اندر بیٹھ کر، دیکھی اور ان دیکھی یکطرفہ تقاریر کا ساتھ ساتھ ترجمہ کرنا
Was this page helpful?(Required)

Your feedback helps us improve this page. NAATI uses this feedback to improve our website.

If you need a reply, please use our Contact us form.