Select your language

This website will display in the language you choose.

تحریری اور زبانی ترجمے کی لاگت کو سمجھنا

Category تحریری مترجم (ٹرانسلیٹر) یا زبانی مترجم (انٹرپریٹر) کے ساتھ کام کرنا Published 30 January 2026

اس سوال کا کوئی ایک طے شدہ جواب نہیں ہے کہ “اس کام کی لاگت کتنی ہوگی؟”۔ ہر کام کی قیمت کا انحصار مطلوبہ سروس، مترجم کے تجربے اور کلائنٹ کی ضروریات پر ہوتا ہے۔ عام طور پر، مترجمین ایسے ریٹس طے کرتے ہیں جو انہیں ایک معیاری سروس فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مناسب اور منصفانہ آمدنی کمانے کی سہولت دیں۔

یہ مضمون ان عوامل کی وضاحت کرتا ہے جو قیمتوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ان عوامل کو سمجھ کر، آپ بہتر فیصلے کر سکتے ہیں اور حقیقت پسندانہ بجٹ بنا سکتے ہیں۔

لاگت کو سمجھنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ مختلف جگہوں سے کوٹیشنز (quotes) حاصل کریں تاکہ آپ قیمتوں اور ان میں شامل خدمات کا موازنہ کر سکیں۔

قیمتوں کا تعین کیسے ہوتا ہے؟

تحریری اور زبانی مترجمین عام طور پر آزاد پیشہ ور (freelancers) کے طور پر کام کرتے ہیں، یا وہ لسانی خدمات کے اداروں (LSPs) کے ساتھ منسلک ہوتے ہیں۔ عام طور پر، LSPs کے کاروباری اخراجات زیادہ ہوتے ہیں، جبکہ فری لانسرز اپنے اخراجات خود سنبھالتے ہیں۔

ریٹس پر اثر انداز ہونے والے عوامل:

  • سروس کی قسم، بشمول اس میں کتنے تحریری یا زبانی مترجمین شامل ہیں
  • موضوع کی پیچیدگی، بشمول تیاری یا تحقیق کا مطلوبہ معیار
  • NAATI سرٹیفیکیشن کا لیول
  • تربیت اور تجربہ
  • ڈیڈ لائنز، کاروباری اوقاتِ کار کے باہر کام کرنا یا فوری کام کی اضافی فیس
  • آمنے سامنے (onsite) کام کے لیے سفری اخراجات۔

خدمات کی اقسام اور قیمتوں کا تعین

مختلف خدمات کے لیے قیمتوں کا تعین بھی مختلف ہوتا ہے۔

  • تحریری ترجمے کی خدمات کے چارجز عام طور پر فی دستاویز، فی صفحہ یا فی لفظ کے حساب سے ہوتے ہیں، لیکن کام کی نوعیت کے لحاظ سے فی گھنٹہ بھی چارج کیا جا سکتا ہے۔
  • زبانی ترجمے کی خدمات کے چارجز فی گھنٹہ، آدھے دن یا پورے دن کے حساب سے ہو سکتے ہیں۔ زبانی مترجم کے نرخوں میں تیاری کا وقت اور سفر بھی شامل ہوتا ہے۔

تحریری ترجمے کی قیمت کا تعین

  • معیاری دستاویزات کا ترجمہ (جیسے پیدائشی سرٹیفکیٹ یا ڈرائیونگ لائسنس): عام طور پر فی صفحہ یا فی دستاویز چارج کیا جاتا ہے۔ یہ مکمل ترجمہ بھی ہو سکتا ہے اور صرف اہم حصوں کا خلاصہ (extract translation) بھی۔
  • عمومی ترجمہ: عام طور پر فی لفظ چارج کیا جاتا ہے، جبکہ چھوٹے کاموں کے لیے ایک کم از کم فیس مقرر ہوتی ہے۔
  • مخصوص کام (جیسے کہ قانونی، طبی یا ادبی ترجمہ): درکار مہارت کی وجہ سے ان کے نرخ زیادہ ہوتے ہیں۔ اس میں معیار کی ضمانت (quality assurance) کے اضافی اخراجات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
  • مشینی ترجمے کی ایڈیٹنگ (Machine translation editing): کمپیوٹر کے تیار کردہ ترجمے کو درستگی کے لیے ایڈٹ کرنا۔ اس میں مترجمین مشینی ترجمے کے معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے فی لفظ یا فی گھنٹہ چارج کر سکتے ہیں۔

زبانی ترجمے کی قیمت کا تعین

  • زبانی ترجمے کی خدمات: چارجز فی گھنٹہ، آدھے دن یا روزانہ کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔ ریٹس کا انحصار فراہم کیے جانے والے طریقے (وقفے وقفے سے یا ساتھ ساتھ، روبرو یا ریموٹ) پر ہوتا ہے۔
  • کانفرنس یا Auslan ترجمے کے لیے اکثر دو مترجمین کی ضرورت ہوتی ہے، خاص طور سے لمبے اسائنمنٹس کے لیے۔
  • کانفرنس کے لیے زبانی ترجمے کے لیے مخصوص آلات درکار ہو سکتے ہیں۔
  • کم از کم بکنگ اور منسوخی: زبانی مترجمین کے پاس مختصر کاموں کے لیے بھی ایک کم از کم چارج (مثال کے طور پر 2 سے 3 گھنٹے) ہوتا ہے۔ اگر بکنگ مختصر وقت کے نوٹس پر منسوخ کی جائے تو وہ اس کی ایک فیس بھی چارج کر سکتے ہیں۔

کوٹیشن مانگتے وقت کیا پوچھیں؟

کسی بھی غیر متوقع پریشانی سے بچنے کے لیے، ہمیشہ درج ذیل کی تصدیق کریں:

  • کل لاگت: (بشمول GST، اگر لاگو ہوتا ہو)۔
  • فیس کا تعین کیسے کیا گیا ہے (فی لفظ، فی گھنٹہ، یا فی دستاویز)
  • کام مکمل ہونے کا متوقع وقت کیا ہے
  • کیا تحریری ترجمے کی لاگت میں کوالٹی چیکنگ شامل ہے؟
  • کیا لاگت کو کم کرنے کے آپشن موجود ہیں؟ (مثال کے طور پر، ڈیڈ لائن میں لچک کرنا تاکہ فوری کام کی اضافی فیس سے بچا جا سکے)

آپ کی درخواست جتنی واضح اور تفصیلی ہوگی، آپ کو ملنے والی کوٹیشن اتنی ہی زیادہ درست اور واضح ہوگی۔

Was this page helpful?(Required)

Your feedback helps us improve this page. NAATI uses this feedback to improve our website.

If you need a reply, please use our Contact us form.