زبانی مترجم (انٹرپریٹر) کے ساتھ کام کرنے کی ہدایات
زبانی مترجم (انٹرپریٹر) کی مدد سے آپ ان لوگوں کے ساتھ مؤثر انداز میں رابطہ کر سکتے ہیں جو کوئی دوسری زبان بولتے ہیں۔ زبانی مترجم گفتگو میں خود کوئی فریق یا حصہ دار نہیں ہوتے، بلکہ وہ لوگوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہوتے ہیں۔
NAATI سے تصدیق شدہ زبانی مترجم درج ذیل اصولوں کا پابند ہوتا ہے:
- وہ ملنے والی بریفنگ یا معلومات کی بنیاد پر موضوع کا پہلے سے مطالعہ کر کے آنے والے کام یا اسائنمنٹ کی تیاری کرتے ہیں
- وہ ہر بات کا درست اور غیر جانبدارانہ ترجمہ کرتے ہیں
- وہ اپنی طرف سے کوئی معلومات شامل نہیں کرتے، نہ ہی کچھ چھوڑتے یا تبدیل کرتے ہیں، اور نہ ہی اپنی رائے، مشورہ یا وضاحتیں پیش کرتے ہیں
- ترجمے کی درستی کو یقینی بنانے کے لیے، ضرورت پڑنے پر وہ بات کو دہرانے یا اس کی وضاحت کرنے کا کہہ سکتے ہیں
- وہ ایسی صورتحال کو سنبھالتے ہیں جہاں لوگ ایک دوسرے کی بات کاٹ رہے ہوں یا ایک ساتھ بول رہے ہوں
- وہ اسائنمنٹ سے متعلق تمام معلومات کو خفیہ رکھتے ہیں، بشمول ان تمام باتوں کے جو سیشن کے دوران کی گئی ہوں۔
ان کے ساتھ احترام سے پیش آئیں اور اس کام سے جڑے تمام لوگوں کے لیے ایک پیشہ ورانہ اور بہترین تجربہ یقینی بنانے کے لیے ان ہدایات پر عمل کریں۔
سیشن (گفتگو) سے پہلے
زبانی ترجمے کے درست طریقے اور جگہ کا انتخاب کریں
زبانی مترجم کی بکنگ کرتے وقت، اس بات کی تصدیق کر لیں کہ ترجمے کا کون سا طریقہ استعمال کیا جائے گا اور آپ مترجم سے کس طرح کی شرکت کی توقع رکھتے ہیں، نیز یہ بھی یقینی بنائیں کہ ضروری آلات موجود ہیں۔ اگر آپ کو اس سلسلے میں وضاحت چاہیے ہو، تو آپ کا لینگویج سروس پرووائیڈر یا خود زبانی مترجم بہترین طریقے کے بارے میں آپ کی رہنمائی کر سکتا ہے۔
زبانی ترجمے کا طریقہ
وقفے وقفے سے زبانی ترجمانی (کنسیکیوٹیو انٹرپریٹنگ): اس طریقے میں زبانی مترجم بولنے والے کے رکنے (وقفہ لینے) کا انتظار کرتا ہے اور پھر کہی گئی بات کا ترجمہ کرتا ہے۔ یہ طریقہ عام طور پر ملاقاتوں (اپائنٹمنٹس) یا چھوٹی میٹنگز میں استعمال ہوتا ہے۔ اس طرح کی گفتگو میں ایک ہی زبان میں ہونے والی بات چیت کے مقابلے میں تقریباً دوگنا وقت لگتا ہے، اس لیے اپنے شیڈول میں اضافی وقت لازمی رکھیں۔
ساتھ ساتھ زبانی ترجمانی (سائملٹینیس انٹرپریٹنگ): اس طریقے میں زبانی مترجم لائیو (اسی وقت) ترجمہ کرتا ہے، جس کے لیے عام طور پر مخصوص آلات جیسے ہیڈ فونز یا ترجمہ کرنے کے ساونڈ پروف بوتھس استعمال ہوتے ہیں۔ یہ طریقہ بڑی میٹنگز، کانفرنسوں یا گروپ میں ہونے والی گفتگو کے لیے سب سے بہترین ہے جہاں بات چیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ چونکہ یہ ذہنی طور پر بہت تھکا دینے والا کام ہے، اس لیے تجویز دی جاتی ہے کہ کم از کم دو زبانی مترجم موجود ہوں جو باری باری کام کر سکیں تاکہ ترجمہ درست رہے اور وہ تھکن کا شکار نہ ہوں۔
زبانی ترجمہ فراہم کرنے کے طریقے
آمنے سامنے(موقع پر یا ان پرسن): پیچیدہ صورتحال کے لیے آمنے سامنے بیٹھ کر ترجمہ کروانا سب سے بہترین ہے، کیونکہ اس سے غیر زبانی مواصلات جیسے کہ جسمانی طرز عمل کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ زبانی مترجم آپ کے ساتھ اسی کمرے میں موجود ہوگا۔ دیہی یا ریجنل علاقوں میں اور کچھ مخصوص زبانوں کے لیے ایسے مترجمین کی دستیابی محدود ہو سکتی ہے۔
ویڈیو کال کے ذریعے: آمنے سامنے ترجمے کے بعد ویڈیو کے ذریعے ترجمہ دوسرا بہترین آپشن ہے کیونکہ اس میں بھی مترجم شرکاء کے تاثرات اور جسمانی طرز عمل کو دیکھ سکتا ہے۔ ویڈیو انٹرپریٹنگ اس وقت بہت مفید ہوتی ہے جب موقع پر مترجم دستیاب نہ ہو، خاص طور پر اچانک بکنگ یا ایسی زبانوں کے لیے جن کے مترجم آپ کے علاقے میں مشکل سے ملتے ہیں۔ یہ طریقہ اشاروں کی زبان (Auslan) اور بولی جانے والی زبانوں دونوں کے لیے موزوں ہے، لیکن اس کے لیے پختہ انٹرنیٹ اور مناسب آلات کا ہونا ضروری ہے۔
ٹیلی فون کے ذریعے: فون پر ترجمہ سب سے آسانی سے دستیاب ہونے والی سہولت ہے۔ یہ مختصر اور غیر پیچیدہ بات چیت کے لیے سب سے زیادہ مفید ہے۔
درست زبانی مترجم کا انتخاب کریں
- اس بات کو یقینی بنائیں کہ زبانی مترجم NAATI سے تصدیق شدہ ہو۔ آپ ان کے سرٹیفائیڈ پریکٹیشنر نمبر (CPN) کے ذریعے NAATI سرٹیفیکیشن کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
- اپنے خاندان کے افراد یا دوستوں کو زبانی مترجم کے طور پر استعمال نہ کریں، چاہے یہ کتنا ہی آسان کیوں نہ لگے۔ ان کے پاس غیر جانبداری، باقاعدہ تربیت یا ضروری لسانی مہارت کی کمی ہو سکتی ہے۔ اس سے رازداری، ترجمے کی درستگی اور پیشہ ورانہ معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
- اس بات کی تصدیق کر لیں کہ زبانی مترجم اسائنمنٹ کی ضروریات پر پورا اترتا ہو۔ کیا آپ کو کسی خاص صنف (مرد یا خاتون) کے مترجم کی ضرورت ہے؟ کیا ان کا صحت یا قانون جیسے کسی مخصوص شعبے میں ماہر ہونا ضروری ہے؟
زبانی مترجم کو بریفنگ دیں (معلومات فراہم کریں)
جب بھی ممکن ہو، کام شروع ہونے سے پہلے زبانی مترجم کو بریفنگ ضرور دیں۔ بریفنگ سے مراد یہ ہے کہ آپ میٹنگ کا مقصد، وہاں موجود افراد اور کوئی بھی ایسی اہم تفصیلات شیئر کریں جن کا مترجم کو علم ہونا چاہیے۔ گفتگو سے پہلے مترجم کے ساتھ ایک مختصر بات چیت بھی کام کے دوران مداخلت کو کم کرتی ہے اور بات چیت کو آسان بناتی ہے۔
بریفنگ میں درج ذیل چیزیں شامل ہو سکتی ہیں:
- گفتگو کے موضوع، مقاصد اور شرکاء کے بارے میں بنیادی معلومات فراہم کرنا۔
- کسی بھی تکنیکی زبان، مخصوص اصطلاحات یا خاص الفاظ کے بارے میں پہلے سے بتانا تاکہ زبانی مترجم درست ترجمہ کرنے کے لیے تیاری کر سکے۔
- انہیں یہ بتانا کہ آیا یہ میٹنگ جذباتی، تکنیکی یا حساس نوعیت کی ہوگی۔
اگر اسائنمنٹ پیچیدہ ہے، تو زبانی مترجم کو تیاری اور تحقیق کے لیے پہلے سے مناسب وقت دیں۔ یہ تیاری درست ترجمے کو یقینی بناتی ہے اور سیشن کے دوران مترجم کے لیے کام کے بوجھ کو کم کرتی ہے۔
انتظامات کی منصوبہ بندی کریں
آمنے سامنے ترجمہ کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ، مترجم اور کلائنٹ ایک ہی جگہ پر خود موجود ہوں۔ بیٹھنے کا انتظام اس طرح کریں کہ مریض، زبانی مترجم اور ڈاکٹر مل کر ایک تکون بنائیں۔ اس سے بات چیت واضح ہوتی ہے اور ہر کوئی گفتگو میں شامل رہتا ہے۔
اشاروں کی زبان (Auslan): زبانی مترجم کو ہیلتھ کیئر پروفیشنل کے ساتھ اور مریض کے بالکل سامنے بیٹھنا یا کھڑا ہونا چاہیے۔ اس سے بہرے مریض کے لیے بولنے والے شخص کے ساتھ نظروں کا رابطہ برقرار رکھنا اور جسمانی طرز عمل کو دیکھنا ممکن ہوتا ہے۔ طویل سیشنز کے لیے دو مترجم باری باری کام کر سکتے ہیں۔
ٹیلی فون اور ویڈیو کانفرنسنگ لچک فراہم کرتے ہیں — ہو سکتا ہے کہ زبانی مترجم یا کلائنٹ آپ کے ساتھ موجود ہو، یا ہر شخص الگ الگ جگہ پر ہو۔ سیشن شروع ہونے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹیکنالوجی اور آلات بالکل ٹھیک کام کر رہے ہیں۔
یاد رکھیں کہ زبانی ترجمے کے لیے اضافی وقت ضرور رکھیں۔ یہ گفتگو ایک ہی زبان میں ہونے والی بات چیت کے مقابلے میں زیادہ وقت لے گی۔
سیشن (گفتگو) کے دوران
کیا کرنا چاہیے
- مترجم کا تعارف کروائیں: اس بات کو یقینی بنائیں کہ زبانی مترجم کا اور ان کے کردار کا تعارف کروا دیا گیا ہے۔ آپ ایک سادہ سے جملے سے شروعات کر سکتے ہیں جیسے: “یہ ہمارے زبانی مترجم ہیں، جو آج بات چیت میں ہماری مدد کریں گے۔ ہم جو کچھ بھی کہیں گے اس کا بالکل درست اور رازدارانہ ترجمہ کیا جائے گا۔” زبانی مترجم اپنا تعارف خود بھی کروا سکتا ہے۔ شرکاء کو یاد دلائیں کہ گفتگو کے فطری بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے مترجم پہلے صیغے (یعنی “میں” یا “ہم”) میں بات کرے گا۔
- مترجم کے بجائے ہمیشہ سامنے والے شخص سے براہِ راست بات کریں۔ مثال کے طور پر کہیں: “آج آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں؟” نہ کہ یہ کہیں: “ان سے پوچھیں کہ یہ کیسا محسوس کر رہے ہیں”۔ سامنے والے شخص کے ساتھ نظروں کا رابطہ برقرار رکھیں، ماسوائے جب تہذیبی لحاظ سے ایسا کرنا مناسب نہ ہو۔
- واضح اور سادہ زبان بولیں۔ عامیانہ زبان، تکنیکی الفاظ، مخففات (Acronyms) یا پیچیدہ تشبیہات سے گریز کریں۔ ترجمے کے لیے وقت دینے کی خاطر گفتگو کے دوران باقاعدگی سے رکیں۔
- اگلی بات شروع کرنے سے پہلے زبانی مترجم کو اپنی بات پوری کرنے دیں۔ اس سے ترجمہ درست رہتا ہے اور معلومات کا بہت زیادہ بوجھ نہیں بنتا۔
- صبر سے کام لیں. کچھ زبانوں میں ایک ہی مفہوم کو بیان کرنے کے لیے کم یا زیادہ الفاظ درکار ہوتے ہیں۔ ترجمے کے دوران تھوڑی دیر کے لیے خاموشی ہونا ایک عام بات ہے۔
- ضرورت پڑنے پر وضاحت طلب کریں۔ اگر کوئی بات ٹھیک سے سمجھ نہ آئے تو مترجم سے اسے دہرانے یا واضح کرنے کا کہیں۔ مترجم کی بھی حوصلہ افزائی کریں کہ اگر اسے کوئی بات سمجھ نہ آئے تو وہ بلا جھجھک پوچھے۔ اگر مترجم کو کسی چیز کی وضاحت چاہیے، تو اس سے کہیں کہ وہ سامنے والے شخص کو بھی بتائے کہ وہ کیا پوچھ رہا ہے۔
کن چیزوں سے پرہیز کرنا چاہیے
- جملے کے بیچ میں مترجم یا دوسرے شخص کی بات نہ کاٹیں۔ بات کاٹنے سے الجھن یا غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔
- زبانی مترجم سے ان کی ذاتی رائے یا مشورہ طلب نہ کریں۔ ان کا کام صرف ترجمہ کرنا ہے، نہ کہ ثالثی کرنا، وکالت کرنا یا ذاتی خیالات کا اظہار کرنا۔
- مترجم کے ساتھ الگ سے باتیں نہ کریں۔ زبانی مترجم آپ کی کہی ہوئی ہر بات کا ترجمہ کرے گا، اس لیے کوئی بھی ایسی بات نہ کہیں جس کا آپ دوسری زبان میں ترجمہ نہیں کروانا چاہتے۔
سیشن (گفتگو) کے بعد
- اگر ضرورت ہو تو سیشن کے بعد مترجم سے بات کریں۔ اگر کوئی مسئلہ پیش آیا ہو یا فیڈ بیک درکار ہو تو اس بارے میں گفتگو کریں۔ مستقبل میں بہتری لانے کے لیے ان کی تجاویز پر غور کریں۔ زبانی مترجم بہت سے پروفیشنلز کے ساتھ کام کرتے ہیں، اس لیے وہ مستقبل کے سیشنز میں بات چیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے مفید مشورے دے سکتے ہیں۔
- رازداری برقرار رکھیں۔ ترجمے کے ذریعے ہونے والے سیشنز کو بالکل اسی طرح خفیہ رکھیں جیسے آپ کسی بھی براہِ راست گفتگو کو رکھتے ہیں۔ شیئر کی جانے والی تمام معلومات مکمل طور پر خفیہ رہنی چاہئیں۔
مزید وسائل
زبانی مترجمین کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں مزید معلومات کے لیے درج ذیل ملاحظہ کریں: