ترجمے والی ملاقات یا میٹنگ کی تیاری
ترجمے والی ملاقاتوں اور میٹنگز کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے پہلے سے تیاری کرنا مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ پہلے سے منصوبہ بندی کر کے اور اپنے زبانی مترجم کو صحیح معلومات فراہم کر کے، آپ غلط فہمیوں سے بچ سکتے ہیں، وقت بچا سکتے ہیں اور ہر ایک کے لیے ایک پیشہ ورانہ ماحول پیدا کر سکتے ہیں۔
ضروری تفصیلات فراہم کریں
اس بات کو یقینی بنائیں کہ زبانی مترجم کو میٹنگ کی تاریخ، وقت، جگہ اور متوقع دورانیے کا علم وقت سے پہلے ہو۔ اس میں رسائی کی تفصیلات جیسے کمرہ نمبر، عمارت میں داخلے کی ہدایات، یا آن لائن میٹنگز کے لنکس شامل کریں۔ یہ معلومات سیشن کو وقت پر شروع کرنے اور خوش اسلوبی سے چلانے میں مدد دیتی ہیں۔
ترجمانی کے درست طریقے کا انتخاب کریں
اپائنٹمنٹ سے پہلے یہ فیصلہ کر لیں کہ ترجمانی کا کون سا طریقہ استعمال کیا جائے گا، کیونکہ یہ وقت کی مینجمنٹ اور لاجسٹکس پر اثر انداز ہوتا ہے۔
وقفے وقفے سے زبانی ترجمانی (کنسیکیوٹیو انٹرپریٹنگ)
اس طریقے میں مترجم بات کرنے والے کے رکنے کا انتظار کرتا ہے اور پھر کہی گئی بات کا ترجمہ کرتا ہے۔ یہ طریقہ عام طور پر انفرادی ملاقاتوں یا چھوٹی میٹنگز میں استعمال ہوتا ہے۔ اس سیشن میں ایک ہی زبان میں ہونے والی گفتگو کے مقابلے میں دگنا وقت لگ سکتا ہے، اس لیے اپنے شیڈول میں اضافی وقت لازمی رکھیں۔
ساتھ ساتھ زبانی ترجمہ (سائملٹینیس انٹرپریٹنگ)
اس طریقے میں مترجم ریئل ٹائم میں ساتھ ساتھ ترجمہ کرتا ہے، جس کے لیے عام طور پر مخصوص آلات جیسے ہیڈ سیٹس یا ساؤنڈ پروف بوتھ استعمال کیے جاتے ہیں۔ یہ طریقہ بڑی میٹنگز، کانفرنسوں یا گروپ ڈسکشنز کے لیے بہترین کام کرتا ہے جہاں گفتگو کے بہاؤ کو برقرار رکھنا ضروری ہو۔ چونکہ یہ ذہنی طور پرتھکا دینے والا کام ہے، اس لیے تجویز دی جاتی ہے کہ کم از کم دو مترجمین موجود ہوں جو باری باری کام کر سکیں تاکہ درستگی برقرار رہے اور وہ تھکن کا شکار نہ ہوں۔
زبانی مترجم کی بکنگ کرتے وقت اس بات کی تصدیق کر لیں کہ کون سا طریقہ استعمال کیا جائے گا اور اس کے مطابق مناسب آلات موجود ہیں۔ اگر آپ کو ٹھیک سے پتہ نہ ہو، تو آپ کا لینگویج سروس پرووائیڈر یا خود مترجم آپ کواس کے بارے میں مشورہ دے سکتا ہے۔
زبانی مترجم کو بریفنگ دیں (معلومات فراہم کریں)
جہاں تک ممکن ہو، مترجم کو وقت سے پہلے بریفنگ دیں۔ بریفنگ سے مراد یہ ہے کہ آپ میٹنگ کا مقصد، اس میں شامل ہونے والے افراد اور کوئی بھی اہم تفصیلات مترجم کے ساتھ شیئر کریں۔ مثال کے طور پر، مترجم کو پہلے سے بتا دیں کہ آیا میٹنگ جذباتی، تکنیکی، یا حساس نوعیت کی ہوگی۔ یہ انہیں درست لہجے اور اصطلاحات کا انتخاب کرنے میں مدد دیتا ہے۔
کسی بھی تکنیکی زبان، خاص اصطلاحات یا پیشہ ورانہ کوڈ ورڈز (jargon) کا بتائیں تاکہ مترجم ان کا درست ترجمہ کرنے کی تیاری کر سکے۔ سیشن سے پہلے کی ایک مختصر گفتگو بھی وقت بچا سکتی ہے، غلط فہمیوں سے روک سکتی ہے اور زیادہ رواں گفتگو کو یقینی بناتی ہے۔
متعلقہ مواد وقت سے پہلے شیئر کریں
اگر ممکن ہو تو متعلقہ مواد یا میٹنگ کا ایجنڈا وقت سے پہلے مترجم کو بھیجیں۔ یہ مترجم کو اصطلاحات کی تیاری کرنے اور گفتگو کے سیاق و سباق کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ آپ جو بھی معلومات یا دستاویزات فراہم کریں گے وہ مکمل طور پر خفیہ رہیں گی، کیونکہ مترجمین اخلاقی ضابطہ کار کے تحت رازداری برقرار رکھنے کے پابند ہیں۔
اگر آپ میٹنگ کے دوران اپنے کلائنٹ کے ساتھ کوئی ایسی دستاویز شیئر کر رہے ہیں جو ان کی زبان میں دستیاب نہیں ہے، تو سیشن شروع ہونے سے پہلے وہ مترجم کو فراہم کریں۔ اس سے انہیں مواد کا جائزہ لینے کا موقع ملتا ہے۔ بعض حالات میں، وہ دستاویز کو دیکھ کر موقع پر زبانی ترجمہ (sight translate) کر سکتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ وہ تحریر کو دیکھ کر اسے دوسری زبان میں پڑھیں گے۔
زبانی مترجم کا تعارف کروائیں
سیشن شروع ہونے سے پہلے وہاں موجود تمام لوگوں کو مترجم کا تعارف کروائیں اور یہ کہ وہ کیا کردار ادا کریں گے۔ مترجم تمام فریقین کے درمیان بات چیت کو آسان بناتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ایک زبان میں کہی گئی ہر بات دوسری زبان میں درست منتقل ہو۔ وہ اپنی طرف سے کوئی معلومات بڑھاتے، گھٹاتے یا تبدیل نہیں کرتے، اور نہ ہی اپنی رائے، مشورہ یا وضاحتیں پیش کرتے ہیں۔
آپ ایک آسان جملے سے آغاز کر سکتے ہیں جیسے: “یہ ہمارے زبانی مترجم ہیں، جو آج ہمیں آپس میں بات چیت کرنے میں مدد دیں گے۔ ہم جو کچھ بھی کہیں گے اس کا ترجمہ بالکل درست اور رازداری کے ساتھ کیا جائے گا۔”
شرکاء کو یاد دلائیں کہ گفتگو کے قدرتی بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے مترجم ہمیشہ صیغہ واحد متکلم (یعنی “میں”، “ہم”) میں بات کرے گا۔ ہر ایک کو مترجم کے بجائے براہِ راست ایک دوسرے سے بات کرنی چاہیے، اور ترجمے کے لیے مناسب وقت دینا چاہیے۔
یاد رکھنے کے اہم نکات
- ترجمے والے سیشنز کے لیے ہمیشہ اضافی وقت رکھیں
- مختصر جملوں میں بات کریں اور باقاعدگی سے وقفہ لیں
- نظروں کا رابطہ اپنے کلائنٹ کے ساتھ برقرار رکھیں، مترجم کے ساتھ نہیں
- واضح اور سادہ زبان بولیں
- عامیانہ زبان، تکنیکی الفاظ، مخففات (Acronyms) یا پیچیدہ تشبیہات سے گریز کریں
- تحمل رکھیں؛ کچھ زبانوں میں ایک ہی مفہوم کو ادا کرنے کے لیے انگریزی کے مقابلے میں کم یا زیادہ الفاظ کی ضرورت ہوتی ہے
یہ سمجھنا کہ مترجمین ایک ایسے اخلاقی ضابطہ کار کے پابند ہیں جو رازداری، غیر جانبداری اور درستگی کا تقاضا کرتا ہے، باہمی اعتماد کو بڑھاتا ہے اور پورے سیشن کے دوران پیشہ ورانہ گفتگو کو یقینی بناتا ہے۔
مزید وسائل
زبانی مترجمین کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں مزید معلومات کے لیے درج ذیل ملاحظہ کریں: