Select your language

This website will display in the language you choose.

تحریری مترجم (ٹرانسلیٹر) یا زبانی مترجم (انٹرپریٹر): مجھے کس کی ضرورت ہے؟

Category تحریری مترجم (ٹرانسلیٹر) یا زبانی مترجم (انٹرپریٹر) کے ساتھ کام کرنا Published 15 January 2026


اگر آپ کو کسی دوسری زبان میں بات چیت یا رابطہ کرنے کے لیے مدد چاہیے، تو آپ کو کسی تحریری مترجم (ٹرانسلیٹر) یا زبانی مترجم (انٹرپریٹر) کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
اگرچہ دونوں کا تعلق زبان ہی سے ہے، لیکن دونوں کے کام کی نوعیت الگ ہے۔

میں کیسے فیصلہ کروں کہ مجھے کس کی ضرورت ہے؟

اگر مواد لکھی ہوئی شکل میں ہے تو آپ کو تحریری مترجم (ٹرانسلیٹر) کی ضرورت ہے۔ اگر وہ بولا جا رہا ہے یا اشاروں کی زبان (Sign Language) میں ہے، تو آپ کو زبانی مترجم (انٹرپریٹر) کی ضرورت ہوگی۔
یہ دیکھیں کہ آپ دستاویزات کا تبادلہ کر رہے ہیں یا زبانی بات چیت۔

تحریری مترجم (ٹرانسلیٹر) کیا کرتا ہے؟

تحریری مترجم (ٹرانسلیٹر) لکھے ہوئے مواد پر کام کرتا ہے۔ ان کا کام ایک زبان کے تحریری مواد کو دوسری زبان میں بالکل درست اور تہذیبی لحاظ سے موزوں شکل میں منتقل کرنا ہے۔

تحریری مترجم (ٹرانسلیٹر) عام طور پر درج ذیل چیزوں پر کام کرتے ہیں:

  • پیدائشی سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر شناختی دستاویزات
  • قانونی معاہدے اور مالیاتی یا فنانشل اسٹیمنٹس
  • میڈیکل رپورٹس
  • ویب سائٹس، بروشرز اور مارکیٹنگ کا مواد
  • ای میلز، خطوط اور تحریری ہدایات
  • ہدایاتی کتابچے(انسٹرکشن مینولز)

ترجمہ کرنے کا مطلب صرف ایک زبان کے الفاظ کو دوسری زبان کے الفاظ سے بدلنا نہیں ہے۔ ایک اچھا مترجم اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ بات کا مفہوم واضح اور یکساں ہو، تمام اصطلاحات درست ہوں، اور تحریر کا انداز یا لہجہ دستاویز کے مقصد کے مطابق ہو۔ آسٹریلیا میں بہت سے ادارے، جیسے کہ سرکاری محکمے، یہ شرط عائد کرتے ہیں کہ ترجمہ صرف NAATI سے تصدیق شدہ تحریری مترجم سے ہی کروایا جائے۔ یہ چیز کام کے معیار اور جواب دہی کی ضمانت ہوتی ہے۔

زبانی مترجم (انٹرپریٹر) کیا کرتا ہے؟

ایک زبانی مترجم بولی جانے والی یا اشاروں کی زبان (Sign Language) میں کام کرتا ہے، اور مختلف زبانیں بولنے والے لوگوں کے درمیان فوری (لائیو) بات چیت میں مدد کرتا ہے۔

آپ کو درج ذیل مواقع پر زبانی مترجم کی ضرورت پڑ سکتی ہے:

  • میڈیکل یا صحت سے متعلق ملاقاتوں کے دوران
  • سینٹر لنک، پولیس یا دیگر سرکاری خدمات سے بات کرتے وقت
  • کاروباری میٹنگز میں شرکت کے لیے
  • قانونی یا عدالتی کارروائی میں شرکت کرتے وقت
  • کانفرنسوں، سیمینارز یا سماجی تقریبات میں شامل ہوتے ہوئے

زبانی مترجم ایک زبان میں کہی گئی بات کو سنتے ہیں اور اس کا پیغام دوسری زبان میں درست اور فطری انداز میں پہنچاتے ہیں۔ وہ یہ کام آمنے سامنے، فون پر، یا ویڈیو کال کے ذریعے سرانجام دے سکتے ہیں۔ بہت سی صورتوں میں، خاص طور پر صحت اور قانون کے شعبوں میں، درست زبانی ترجمہ انتہائی ضروری ہوتا ہے تاکہ لوگ اپنے حقوق، ذمہ داریوں اور فیصلوں کو اچھی طرح سمجھ سکیں۔

اگر میرا کام لکھی ہوئی اور بولی جانے والی دونوں زبانوں سے متعلق ہو تو پھر؟

بعض اوقات، تحریری یا زبانی مترجم دونوں ہی تحریر اور تقریر/اشاروں کی زبان کے درمیان کام کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر:

  • سائٹ ٹرانسلیشن (تحریر دیکھ کر زبانی ترجمہ کرنا): اس میں ایک زبانی مترجم کسی لکھی ہوئی دستاویز (جیسے ہسپتال کا رضامندی فارم) کو پڑھتا ہے اور موقع پر ہی زبانی یا اشاروں کی زبان میں اس کا ترجمہ کر کے سناتا ہے۔
  • ٹرانسکرپشن (آڈیو سن کر تحریر کرنا): اس میں ایک تحریری مترجم کسی ریکارڈ شدہ گفتگو یا آڈیو کو سنتا ہے اور اسے دوسری زبان میں تحریر کی شکل دیتا ہے۔

اس کو سمجھنے کا ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ یہ دیکھیں کہ اس کام کی آخری شکل کیا ہوگی؟ اگر وہ ایک دستاویز ہے، تو آپ کو تحریری مترجم کی ضرورت ہوگی۔ اگر وہ کوئی تقریر، گفتگو یا ویڈیو ہے، تو آپ کو زبانی مترجم کی ضرورت ہو گی۔

مجھے کوالیفائیڈ پیشہ ور ماہرین کہاں سے مل سکتے ہیں؟

خواہ زبانی مترجم ہو یا تحریری، ہمیشہ ایسے ماہر کا انتخاب کرنا بہتر ہے جو NAATI سے تصدیق شدہ یا سرٹیفائیڈ ہو۔ NAATI کے پاس تحریری اور زبانی مترجمین دونوں کے لیے الگ الگ اسناد ہوتی ہیں، اور یہ تصدیق اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ جس شخص کو آپ منتخب کر رہے ہیں، اس کے پاس معلومات کو حساس اور پیشہ ورانہ انداز میں، اور درست طریقے سے منتقل کرنے کی مہارت اور تربیت موجود ہے۔

آپ NAATI کی آن لائن ڈائریکٹری کے ذریعے تحریری یا زبانی مترجم تلاش کر سکتے ہیں۔

Was this page helpful?(Required)

Your feedback helps us improve this page. NAATI uses this feedback to improve our website.

If you need a reply, please use our Contact us form.